منگلورو ،16؍جولائی (ایس او نیوز)جنوبی کینرا میں گزشتہ ڈیڑھ دومہینوں سے بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ کشیدگی اور بد امنی کے پس منظر میں منگلورو کمشنریٹ کے حدود میں15دنوں کے لئے پولیس ایکٹ کی دفعہ 35نافذکردی گئی ہے۔
16جولائی کی نصف شب سے لاگو کی گئی پولیس ایکٹ1963 کی اس دفعہ کے تحت عوامی سطح پر وہ تمام سرگرمیاں قابل گرفت جرم ہونگی جس سے نقض امن کا خدشہ ہوتاہے۔ اس کے تحت تقریریں کرنا، ہنگامے کھڑا کرنا،عوام کو مشتعل کرنے کے لئے گانااورموسیقی بجانا،اشارے کنایوں سے طنز کرنا، مذاق اڑانا، ممکری کرنا، تصاویر، علامات، پلے کارڈ یا دوسری چیزوں کی نمائش کرنا جو پولیس افسران کی نظر میں عوامی مزاج اور اخلاقیات کے منافی ہوں،جس سے عوام کا تحفظ میں خطرے پڑ سکتا ہو یا پھر کسی جرم کے لئے اکسانے کا کام کیا جاتا ہو، ایسی تمام سرگرمیوں کا ارتکاب جرم تصور کیاجائے گا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
اس دفعہ کے تحت پتھروں کو جمع کرنے، لاشوں اورکسی کے پتلوںeffigyکی عوامی میں نمائش کرنے،یا کوئی بھی ایسا عمل کرنے پر پابندی رہے گی جو شائستگی اور شرافت کے خلاف ہو۔ اور امن عامہ کے حق میں نقصان دہ ہو۔